سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب سکھ یاتریوں کی بس کو حادثہ، 9 افراد زخمی

سوہاوہ میں سکھ یاتریوں کی بس حادثے کا شکار ہو گئی، حادثے میں 9 افراد زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ترکی ٹول پلازہ کے قریب سکھ یاتریوں کی بس کو افسوسناک حادثہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں تین خواتین سمیت نو افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق بس حسن ابدال سے کرتارپور جا رہی تھی کہ اچانک بریک فیل ہونے کی وجہ سے فٹ پاتھ سے ٹکرا گئی۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے فوراً بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ زخمیوں میں سے 6 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ دیگر 3 زخمیوں کو فرسٹ ایڈ کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا گیا۔



