جہلم میں 17 سالہ لڑکے کو ورغلا کر اغواء کرنے والا ملزم گرفتار، مغوی بازیاب

جہلم: تھانہ کالا گجراں پولیس کی بروقت کارروائی، 17 سالہ لڑکے کو بازیاب کر کے اغواء کار کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں تھانہ کالا گجراں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 17 سالہ لڑکے کو ورغلا کر اغواء کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم محمد عامر کے خلاف مقدمہ درج کر کے مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مدعی مقدمہ نے اطلاع دی کہ اس کے 17 سالہ بیٹے کو ملزم محمد عامر نے ورغلا کر نامعلوم مقام پر لے جا کر اغواء کر لیا ہے۔ شکایت موصول ہونے پر ایس ایچ او تھانہ کالا گجراں اور ان کی ٹیم نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ملزم کو نہایت قلیل وقت میں گرفتار کر لیا گیا اور مغوی لڑکے کو بحفاظت بازیاب کروا لیا گیا۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ "جہلم پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اور کسی بھی مجرم کو قانون کی گرفت سے باہر نہیں رہنے دیا جائے گا۔”



