ملکی مسائل کا حل موجودہ قوانین کا اطلاق مساوات کے ساتھ کرنے سے ہوگا، امیر عبدالقدیر اعوان

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ وطن عزیز کے مسائل کا حل ملک میں موجود قوانین کا اطلاق مساوات کے ساتھ کرنے سے ہوگا۔ ہمارے ملک میں اس حد تک قانون موجود ہے کہ چھوٹی سی غلطی پر بھی سزا ہے۔چہ جائیکہ ملک میں عزت سے لے کر کسی کی جان تک محفوظ نہیں ہے۔آئے روز قتل ہو رہے ہیں معاشرے میں بے حیائی عام ہے۔

امیر عبدالقدیر اعوان شیخ سلسلہ نقشبندیہ اویسیہ و سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے معتکفین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں رمضان المبارک کی برکات وہ بتا رہے ہیں جن کے حلیے تک اسلامی نہیں ہیں۔ایسا ہی ہے جیسے کوئی جان بوجھ کر روزہ نہ رکھے اور پھر ہمیں روزے کے فضائل اور برکات بتارہا ہو۔

انہوں نے کہا کہ نماز کی ادائیگی سے بندہ مومن کو ظاہری اور باطنی طور پر رب کریم کی طرف سے بے انتہا رحمت عطا ہوتی ہے جو بیانوں و الفاظ میں ممکن نہیں۔قرآن کریم میں بے حیائی اوربیہودہ باتوں سے بچنے کا حکم ہے اور وعدوں کی پاسداری، امانتوں کی حفاظت یہ وہ اوصاف ہیں جن سے بندہ مومن فلاح پاجاتا ہے۔یاد رکھیں کہ اگر نماز کی ادائیگی عجزو انکساری سے کی جائے تو بندہ مومن کو یہ سارے اوصاف حمیدہ عطا ہو جاتے ہیں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر ہر اس کام کو معاشرے میں عام کر رہے ہیں جن کے کرنے سے اللہ کریم نے منع فرمایا ہے۔ ہمیں اسلامی تعلیمات پڑھنے،سمجھنے اور عمل کرنے کی ضرورت ہے تا کہ ہم حزب الشیاطین کی چالوں سے محفوظ رہ سکیں۔

سربراہ تنظیم الاخوان پاکستان نے کہا کہ بندہ مومن کے اوصاف بیان کرتے ہوئے اللہ کریم فرماتے ہیں ایسے بندے حیا والے ہوتے ہیں تو سوشل میڈیا پر پورا زور لگایا جا رہا ہے کہ بے حیائی کو عام کیا جائے تا کہ جس کا م کا بھی مسلمانوں کو حکم دیا جاتا ہے یہ اپنے رب کریم کی نافرمانی کریں اور دنیا و آخرت میں ناکام ہوں۔

امیر عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ایک ایک حکم پر اپنی پوری قوت سے عمل کریں تا کہ اپنی اور معاشرے کی اصلاح کا سبب بن سکیں۔ آب زم زم کے بارے ارشاد ہے کہ اس میں ہر قسم کی بیماری کی شفا ہے میرا عقیدہ یہ ہے کہ اگر اسے پیتے وقت ظاہری و باطنی دونوں قسم کی بیماریوں کی نیت کی جائے گی تو اللہ کریم دونوں میں شفا عطا فرمائیں گے۔

آخر میں انہوں نے معتکفین سے ان کے اعتکاف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم آپ کا مجاہدہ قبول فرمائیں اور اس اعتکاف کو ہمارے کردار میں تبدیلی کا سبب فرمائیں۔آمین

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button