حافظ اعجاز جنجوعہ کی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم سے تفصیلی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

جہلم: پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع جہلم کے صدر حافظ اعجاز جنجوعہ نے لیگی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی سے ان کے آفس میں تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور انتظامی اقدامات کو سراہا اور ڈپٹی کمشنر جہلم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر حافظ اعجاز جنجوعہ نے للِہ تا جہلم ڈیول کیرج وے، روہتاس روڈ کے دونوں اطراف میں نقاسی آب کو بہتر کرنے کے لیے نالوں کی صفائی کے عمل کو تیز کرنے اور جہلم شہر میں تاجر دوستوں کو درپیش مسائل خاص طور پر میونسپل کمیٹی کی سیل کی گئی دوکانات اور اس سے ہونے والے تاجروں کو ناقابل تلافی معاشی نقصان کی جانب ڈپٹی کمشنر کی توجہ دلائی اور ان معاملات کو فی الفور حل کرنے کے لیے کہا۔

اس پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی نے لیگی وفد کو یقین دلایا کہ ان سارے مسائل کو ضلعی انتظامیہ اپنی پوری صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے جلد از جلد حل کرے گی ۔ للِہ جہلم روڈ پر جلد عوام کو کام ہوتا نظر آئے گا، اس کے علاوہ روہتاس روڈ پر دونوں اطراف میں جو صفائی کا کام باقی ہے اسے بھی فوری مکمل کیا جائے گا۔

وفد کی تفصیلی ملاقات کے بعد ڈپٹی کمشنر جہلم نے جہلم شہر میں تاجر حضرات کی دوکانات کے مسائل پر تفصیلی مشاورت کے لیے حافظ اعجاز کو اپنے نمائندے مقرر کرنے کے لیے کہا جس پر حافظ اعجاز نے مسلم لیگ (ن) جہلم کے سٹی صدر اور جنرل سیکرٹری کا نام تجویز کیا اور کہا کہ ان مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ میں رہیں گے۔

Exit mobile version