جہلم پولیس کا ضلع بھر میں سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی، 385 افراد کی جانچ پڑتال

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ضلع بھر میں دہشت گردوں، جرائم پیشہ عناصر اور سماج دشمن قوتوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے تحت سپیشل سرچ آپریشنز اور ناکہ بندی کی گئی۔ اس دوران مختلف مقامات پر 14 سرچ آپریشنز کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 385 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی۔
پولیس ذرائع کے مطابق سرچ آپریشنز کا مقصد اہم تنصیبات کی سیکیورٹی کو فول پروف بنانا، ناجائز اسلحہ اور منشیات کی برآمدگی، مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری اور امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنا تھا۔ آپریشن کے دوران شہریوں کی تصدیق جدید پولیس ایپلیکیشن کے ذریعے کی گئی تاکہ شناخت کے عمل کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔
شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر خصوصی ناکہ بندی کرتے ہوئے سخت چیکنگ کا عمل بھی جاری رہا۔ اس موقع پر ہر آنے اور جانے والے فرد اور گاڑی کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی تاکہ کسی بھی مشکوک شخص یا چیز کا بروقت سراغ لگایا جا سکے۔
ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا ہے کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے اور کسی بھی سماج دشمن عنصر کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرچ آپریشنز کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ امن و امان کی فضا کو ہر حال میں قائم رکھا جا سکے۔



