ضلع جہلم میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا

جہلم: ضلع بھر میں آج سے انسداد پولیو کی پانچ روزہ مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو 21 اپریل سے 25 اپریل تک تواتر کے ساتھ جاری رہے گی۔ اس مہم کے دوران محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی اشتراک سے 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پولیو مہم کے آغاز کی خصوصی تقریب خانہ بدوشوں کی بستی میں منعقد ہوئی، جہاں صوبائی مشیر صحت جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بچوں میں چاکلیٹ بھی تقسیم کی گئیں تاکہ انہیں خوش دلی سے ویکسین پلائی جا سکے۔

محکمہ صحت کے افسران کے مطابق ضلع بھر میں انسداد پولیو مہم کے لیے 1094 موبائل ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔ علاوہ ازیں، ضلع جہلم کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم انٹری پوائنٹس پر بھی پولیو ٹیمیں تعینات ہوں گی جو مسافر گاڑیوں میں موجود بچوں کو ویکسین پلائیں گی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارا عزم پولیو سے پاک جہلم ہے۔ اس پانچ روزہ مہم کے دوران ہر ممکن کوشش کی جائے گی کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہ جائے۔”

ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانے کے لیے پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور انہیں قطرے پلوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button