پاکستانی اور ایرانی ہنرمندوں کے درمیان ثقافتی تعاون، سالٹ ولیج کھیوڑہ میں مشترکہ دستکاری منصوبوں پر تبادلہ خیال

جہلم/ پنڈدادنخان: سالٹ ولیج کھیوڑہ کے تحت پاکستانی اور ایرانی ہنرمندوں کے درمیان ثقافتی تعاون کے فروغ کے لیے ایک اہم ملاقات اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ یہ اجلاس اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانے، اسلام آباد میں ثقافتی قونصلر مسٹر مجید مشکی، ریجنل ڈائریکٹر حافظ سلیم ارشد اور پراجیکٹ ڈائریکٹر مس سعدیہ نورین کے درمیان ہوا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کی روایتی دستکاری کو یکجا کرتے ہوئے مشترکہ پروڈکٹ لائن کے قیام کے امکانات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عالمی شہرت یافتہ منی ایچر آرٹسٹ سید نجم الحسن کاظمی کی خدمات کو سراہا گیا، جنہیں حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغۂ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

ملاقات کا مقصد نمک سے تیار کردہ مصنوعات، منی ایچر آرٹ، نقاشی، کاشی کاری (بلیو پوٹری)، دھاتی دستکاری اور پیپر ماشی کی تکنیک کے شعبہ جات میں مشترکہ پروڈکٹ لائن کے قیام کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔ اس کے علاوہ ہنرمندوں کی تربیت اور علمی تبادلے پر زور دیا گیا، جس کے تحت مشترکہ تربیتی پروگرامز کے ذریعے دونوں ممالک کے فن اور تکنیک کو فروغ دیا جائے گا اور ثقافتی شناخت کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے گا۔

یہ تمام اقدامات سالٹ ولیج کھیوڑہ اور پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن (PSIC) کے اشتراک سے نافذ کرنے کی تجویز ہے، جس کا مقصد ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینا، ہنرمندوں کو بااختیار بنانا اور پائیدار دستکاری کی ترقی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button