چارہ اور ونڈا مہنگا، گوالوں نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کی تیاری شروع کر دی

جہلم شہر اور اس کے گرد و نواح میں جانوروں کی خوراک، خاص طور پر ونڈا اور چارہ مہنگا ہونے کے بعد مقامی گوالوں نے دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے لیے مشاورت شروع کر دی ہے۔

رواں سال کے دوران مویشیوں کے چارے اور ونڈے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث جانوروں کی خوراک کی فی بوری قیمت میں اضافہ ہوا ہے اور اس کے نتیجے میں دودھ کی پیداواری لاگت میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا ہے۔

مویشی پال حضرات کا کہنا ہے کہ اگر جانوروں کی خوراک کی قیمتوں پر قابو نہ پایا گیا تو نہ صرف دودھ بلکہ گوشت کی پیداوار بھی شدید متاثر ہو سکتی ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر گوالوں نے دودھ کی قیمتوں میں جلد اضافے کا عندیہ دیا ہے، جس سے عام صارفین کے لیے ایک اور مہنگائی کا جھٹکا متوقع ہے۔

دوسری جانب غریب شہریوں نے اس ممکنہ اضافے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دودھ غذائی اعتبار سے نہایت اہم اور بنیادی ضرورت ہے، لیکن اس کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ عام آدمی کی پہنچ سے اسے دور کرتا جا رہا ہے۔

شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف سیکرٹری پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے کا فوری نوٹس لیں، مویشیوں کی خوراک کی قیمتوں کو کنٹرول کیا جائے اور دودھ کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Exit mobile version