سوہاوہ میں دوست کو قتل کرکے لاش کنویں میں پھینکنے والا ملزم گرفتار

سوہاوہ کے نواحی علاقہ میں دوست کو قتل کرکے لاش کنویں میں پھینکنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے علاقے پھلڑے سیداں میں ایک ماہ قبل قتل ہونے والے 31 سالہ نوجوان کی لاش کنویں سے برآمد ہونے کے کیس میں پولیس نے مقتول کے دوست کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق گرفتار ملزم ارسلان نے تقریباً ایک ماہ قبل اپنے دوست اویس کو فائرنگ کرکے قتل کیا اور واردات کو چھپانے کی غرض سے لاش ایک کنویں میں پھینک دی تھی۔ واقعہ کے بعد ملزم روپوش ہو گیا تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جدید سائنٹیفک اور تفتیشی طریقہ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزم کو ٹریس کرکے گرفتار کیا گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم اور مقتول کے درمیان لین دین کا تنازع موجود تھا جس کی بنا پر ملزم نے اویس کو قتل کیا۔

ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم ارسلان اور مقتول اویس دونوں کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود رہا ہے اور وہ گوجرخان، جاتلی اور ملحقہ علاقوں میں چوری اور ڈکیتی کی مختلف وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

پولیس نے ملزم کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکن افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

Exit mobile version