القاسم انسٹیٹیوٹ جہلم کے خصوصی طالب علم منیب الرحمن نیشنل ویٹ لفٹنگ گیمز میں ڈبل گولڈ میڈلسٹ بن گئے

جہلم کے معروف سینئر صحافی عبدالرحمن قادری کے صاحبزادے منیب الرحمن نے نیشنل ویٹ لفٹنگ گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور دو گولڈ میڈلز اپنے نام کر لیے۔ اس نمایاں کامیابی نے نہ صرف ان کے والدین بلکہ ادارے اور پورے ضلع جہلم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

اسی قومی ایونٹ میں القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان، اسلام پورہ کے طلبہ نے بھی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع جہلم کا نام روشن کیا۔ مقابلوں میں منیب الرحمن نے پاور لفٹنگ میں 2 گولڈ میڈلز، محمد ولید نے ٹیبل ٹینس میں 1 گولڈ اور 1 سلور میڈل، اویس احمد نے پاور لفٹنگ میں 1 سلور اور 1 برانز میڈل جبکہ ربیعہ طارق نے ٹیبل ٹینس میں 1 سلور اور 1 برانز میڈل حاصل کیا۔

قومی سطح پر شاندار کامیابی کے بعد جب کھلاڑی جہلم پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر القاسم انسٹیٹیوٹ برائے اسپیشل بچگان کی انتظامیہ، صدر الیکٹرانک میڈیا عامر کیانی، چیئرمین جہلم پریس کلب چوہدری عابد محمود، نائب صدر مرزا قدیر بیگ، صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، سینئر صحافی سلطان امین رضوی، آصف جنجوعہ سمیت بچوں کے والدین، سماجی، فلاحی، مذہبی، صحافتی اور شہری تنظیموں کے نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

استقبالیہ تقریب کے دوران کامیاب کھلاڑیوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کی شاندار کارکردگی کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

اس موقع پر جہلم پریس کلب کے عہدیداران و اراکین، وکلاء، سماجی و فلاحی تنظیموں کے نمائندوں، مذہبی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے منیب الرحمن، دیگر کامیاب خصوصی طلبہ اور ان کے والد عبدالرحمن قادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابیاں نوجوان نسل، بالخصوص خصوصی بچوں کے لیے عزم، محنت اور حوصلے کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے باصلاحیت نوجوان نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پورے ضلع جہلم اور ملک پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button