ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا ہیلتھ کلینکس کا دورہ، سہولیات اور کارکردگی کا جائزہ لیا

جہلم: شہریوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم سید میثم عباس نے مریم نواز ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن اور ای اینڈ ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے دونوں مراکز میں فراہم کی جانے والی سہولیات اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔
مریم نواز ہیلتھ کلینک بلال ٹاؤن کے دورے کے دوران ڈی سی جہلم نے حالیہ بارشوں سے گرنے والی بیرونی دیوار کا معائنہ کیا۔ کلینک انچارج نے انہیں دیوار کی تعمیر کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ دیوار کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے تاکہ مریضوں اور عملے کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
بعد ازاں ڈی سی جہلم نے ای اینڈ ڈی سینٹر شاندار چوک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طبی سہولیات کے لیے آنے والے شہریوں سے گفتگو کی اور ان سے سینٹر کی کارکردگی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس دوران انہوں نے فارمیسی، طبی مشینری اور ریکارڈ کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم نے اس موقع پر زور دیا کہ سینٹر میں آنے والے تمام مریضوں کو یکساں سہولت فراہم کی جائے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات دینے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی سی جہلم کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے شہریوں کو درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔



