جہلم: غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار، ناقص اور ملاوٹ شدہ پٹرول سے گاڑیوں کے انجن تباہ ہونے لگے

جہلم شہر، تحصیل دینہ، سوہاوہ اور پنڈدادنخان سمیت ضلع بھر میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار نے عوام کے لیے سنگین مسائل پیدا کر دیے ہیں۔

ان ایجنسیوں کے مالکان کھلے عام نہ صرف ملاوٹ شدہ اور ناقص معیار کا پٹرول فروخت کر رہے ہیں بلکہ اسے سرکاری نرخ سے زائد قیمتوں پر بھی بیچا جا رہا ہے، جس کے باعث موٹر سائیکلوں، چنگ چی رکشوں، لوڈر رکشوں اور گاڑیوں کے انجن شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

شہریوں کی جانب سے متعدد بار ان غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف تحریری اور زبانی شکایات کی جا چکی ہیں، تاہم سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ انتظامی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں اور کسی بھی قسم کی مؤثر کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں پھیلی ہوئی یہ غیر قانونی ایجنسیاں نہ صرف قوانین کی کھلی خلاف ورزی کر رہی ہیں بلکہ رہائشی اور گنجان آباد علاقوں میں قائم ہونے کے باعث کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بھی بن سکتی ہیں۔ کسی بھی وقت کوئی افسوسناک حادثہ رونما ہو سکتا ہے، مگر متعلقہ حکام کی عدم توجہی لمحہ فکریہ ہے۔

سماجی، فلاحی اور رفاحی تنظیموں کے نمائندگان نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور ان کے خاتمے کے لیے مستقل بنیادوں پر مہم شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہریوں کی جان و مال کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Exit mobile version