منشیات کیس میں جرم ثابت ہونے ایک اور مجرم کو 9 سال قید اور جرمانے کی سزا

7
جہلم: منشیات کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر عدالت نے ایک اور مجرم کو سخت سزا سنا دی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں عدالت نے مقدمہ نمبر 291/24 بجرم CNSA 9(i)3c تھانہ سول لائنز کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرم محمد ایوب کو 9 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا حکم دیا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق مجرم محمد ایوب نے سال 2024 میں منشیات فروشی کے جرم کا ارتکاب کیا تھا۔ جہلم پولیس نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو ٹریس کر کے گرفتار کیا اور ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا۔ مقدمے کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر قرار واقعی سزا سنائی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ منشیات فروش معاشرے کا ناسور ہیں، جن کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور اور بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانے کے لیے قانون کی پوری قوت کے ساتھ کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
ڈی پی او جہلم نے مقدمے کی کامیاب پیروی پر پولیس کی انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی اور تعریفی سرٹیفکیٹس کے ساتھ نقد انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔



