پنڈدادنخان: تحصیل پنڈدادنخان میں خودساختہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ متعلقہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث دکانداروں نے اشیائے خورونوش کے نرخ اپنی مرضی سے مقرر کر رکھے ہیں، جبکہ ریٹ لسٹیں صرف نمائشی پروگرام تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پنڈدادنخان، کھیوڑہ اور مضافاتی علاقوں میں دکاندار پھل، سبزیاں اور گوشت مقررہ نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔ متعدد دکانوں پر ریٹ لسٹیں آویزاں ہی نہیں کی جاتیں، جبکہ قصابوں کی جانب سے ناقص، مضر صحت اور غیر تصدیق شدہ گوشت مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف عوام کی صحت کو خطرات لاحق ہیں بلکہ ان کی جیبوں پر بھی بھاری بوجھ پڑ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر متعلقہ حکام نے بروقت اقدامات نہ کیے تو مہنگائی کا یہ طوفان مزید شدت اختیار کر سکتا ہے، جس سے عوام کا جینا دوبھر ہو جائے گا۔
عوامی و سماجی حلقوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم اور اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان سے مطالبہ کیا ہے کہ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فوری طور پر فعال بنایا جائے اور گراں فروشوں کے خلاف بلا امتیاز اور غیر جانبدارانہ کارروائیاں کی جائیں۔
