جہلم: میٹرک امتحانات کی شفافیت یقینی بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے امتحانی مراکز کے دورے

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر میٹرک کے سالانہ امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع بھر کے مختلف امتحانی مراکز کے اچانک دورے کیے۔
دوروں کے دوران افسران نے امتحانی عمل، انتظامی امور اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے مانیٹرنگ سسٹم، عملے کی حاضری اور پیپرز کی ترسیل کے عمل کو چیک کیا۔
انتظامی افسران نے کمرہ امتحان میں روشنی، پینے کے صاف پانی اور بیٹھنے کے مناسب انتظامات کا بھی معائنہ کیا اور امتحانی عملے کو ہدایت کی کہ بوٹی مافیا کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امتحانات کو مکمل طور پر شفاف اور پرامن ماحول میں منعقد کروایا جائے اور کسی بھی قسم کی نقل یا بدعنوانی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
افسران کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ امتحانات کے بہتر انعقاد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ طلبہ کو یکسو اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے، جبکہ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی نگرانی میں تمام امتحانی مراکز کی کڑی مانیٹرنگ جاری ہے۔



