القادر یونیورسٹی میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موک ایکسرسائز

2
سوہاوہ: ضلع جہلم میں امن و امان کی صورتحال کو مزید مستحکم کرنے اور ہنگامی حالات میں پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو جانچنے کے لیے ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو کی ہدایت پر ایس ڈی پی او سوہاوہ سرکل اور ٹیم نے القادر یونیورسٹی سوہاوہ میں خصوصی موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔
اس آپریشنل ڈرل میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ، سی ٹی ڈی (CTD)، ایلیٹ فورس، ریسکیو 1122، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔
موک ایکسرسائز کے دوران ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر یونیورسٹی کی عمارت کا مکمل حفاظتی معائنہ کیا گیا اور مشتبہ افراد کی نقل و حرکت پر فوری رسپانس کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
ایلیٹ فورس نے ریپڈ ایکشن کے ذریعے عمارت کا کلیئرنس آپریشن انجام دیا جبکہ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے زخمیوں کی فوری منتقلی اور طبی امداد فراہم کی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے حفاظتی سوئپ اور سرچ آپریشن مکمل کیا، اور ٹریفک پولیس نے ایمرجنسی روٹس کی ڈائیورشن اور ٹریفک مینجمنٹ کے عملی مظاہرے کیے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ امن و امان کا قیام پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایسے عملی فرضی مشقیں نہ صرف فورس کی مہارت میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر کارروائی کو یقینی بناتی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ شہریوں کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔



