پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 320 کلو مضر صحت گوشت تلف، ایک شخص گرفتار

جہلم: پنجاب فوڈ اتھارٹی جہلم نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کرتے ہوئے جی ٹی روڈ چھاؤنی کے قریب ناقص اور مضرِ صحت گوشت کی بڑی کھیپ پکڑ کر 320 کلو بدبودار اور باسی گوشت تلف کر دیا، جبکہ ایک شخص کو گرفتار کر کے لوڈر رکشہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق خفیہ اطلاعات اور طویل ریکی کے بعد جی ٹی روڈ چھاؤنی کے قریب ناکہ بندی کی گئی، جہاں گوشت سے بھرے ایک لوڈر رکشے کو روک کر اس کی تلاشی لی گئی۔ موقع پر موجود ویٹرنری ڈاکٹر نے گوشت کا معائنہ کیا اور اسے انسانی صحت کے لیے مضر قرار دیا۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے موقع پر ہی 320 کلو ناقص، بدبودار اور باسی گوشت تلف کر دیا، جبکہ کارروائی کے دوران ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ فوڈ اتھارٹی کی مدعیت میں متعلقہ تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ لوڈر رکشہ بھی پولیس کی تحویل میں دے دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق یہ ناقص گوشت گجرات سے جہلم شہر لایا جا رہا تھا۔ بروقت کارروائی کے باعث مضرِ صحت گوشت مارکیٹ تک پہنچنے سے روک لیا گیا، جس سے شہریوں کی صحت کو ممکنہ خطرات سے محفوظ بنایا گیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں مضرِ صحت اور ناقص خوراک کے خلاف بلاامتیاز کریک ڈاؤن جاری ہے اور عوام کو معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں ناقص یا مضرِ صحت خوراک کی فروخت کی اطلاع ہو تو فوری طور پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر شکایت درج کرائیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔



