سوہاوہ: گورنمنٹ پرائمری سکول سرولہ میں تعلیمی سال کے اختتام پر سالانہ نتائج کے اعلان کے لیے ایک رنگارنگ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں طلبہ، اساتذہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا جبکہ بعد ازاں طلبہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کی۔ بچوں نے مختلف تعلیمی و اصلاحی ٹیبلو پیش کیے، جن کی جاندار اداکاری اور خوبصورت انداز نے حاضرین کے دل جیت لیے۔ والدین اور مہمانوں نے ننھے منے بچوں کی پرفارمنس کو خوب سراہا۔
اس موقع پر نبیل احمد چوہدری (ڈائریکٹر احسن پبلک ہائر سیکنڈری سکول مہروارث)، چوہدری وقاص (ڈائریکٹر قمرالسلام سکول مٹھین) اور فیصل محمود (کلسٹر کوآرڈینیٹر مسلم ہینڈز) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے اپنے خطابات میں سکول کی کارکردگی اور اساتذہ کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔ کامیاب بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی جبکہ والدین نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر گورنمنٹ پرائمری سکول سرولہ افضال ندیم نے اپنے خطاب میں کامیاب طلبہ اور ان کے والدین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ اور والدین کی مشترکہ محنت ہی بچوں کی کامیابی کی ضامن ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ بچوں کی تعلیم پر مسلسل نظر رکھیں اور سکول کے ساتھ رابطے میں رہیں تاکہ بچوں کا مستقبل روشن بنایا جا سکے۔
