جہلم کے معروف تعلیمی ادارے ایس ایل ایس کالج میں تقسیمِ اسناد کی ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پیرا فورس جہلم کے سربراہ شاہد ممتاز نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد ممتاز نے کہا کہ ایس ایل ایس کالج گزشتہ 26 برس سے ملک میں علم کی روشنی پھیلا رہا ہے اور نوجوان نسل کی بہترین انداز میں رہنمائی کر رہا ہے۔
انہوں نے بیرونِ ملک جانے والے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ پاکستان کے اچھے نمائندے بن کر ملک و قوم کا نام روشن کریں اور اپنی صلاحیتوں سے دنیا میں پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کریں۔
شاہد ممتاز نے کہا کہ پیرا فورس شہر میں نظم و ضبط برقرار رکھنے، تجاوزات کے خاتمے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن اور ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایات کے مطابق عوامی خدمت کا عمل جاری ہے۔
مہمانِ خصوصی نے ادارے کے سربراہ سرفراز ملک کو ضلع جہلم میں آئیلٹس امتحانی مرکز کے قیام اور برطانوی ادارے کی جانب سے مسلسل پانچ اعزازات حاصل کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اس موقع پر سرفراز ملک نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
تقریب کے اختتام پر کامیاب طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ مہمانِ خصوصی شاہد ممتاز کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
