جشن عید میلاد النبی ﷺ شایان شان اور مثالی انداز میں منایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس

جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کو شایان شان اور مثالی انداز میں منانے کے لیے تمام ضلعی محکمے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ اس مقدس ماہ کی خوشیوں کو بہتر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔

وہ عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمن، محکمہ تعلیم، صحت، ٹریفک پولیس، واپڈا، ڈی ای او کالجز، محکمہ سوشل ویلفیئر، ضلع کونسل، نان فارمل ایجوکیشن، میونسپل کمیٹی اور تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ یکم تا 12 ربیع الاول تک تمام سرکاری عمارتوں پر چراغاں کیا جائے، ہر یونین کونسل دفتر، اسکول، کالج اور نجی عمارتوں کو بھی روشنیوں سے سجایا جائے تاکہ جشن عید میلاد النبی ﷺ کی رونقیں ہر جگہ نمایاں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ "ماہِ ربیع الاول سال بھر کا سب سے اہم اور خوشی کا مہینہ ہے، اس لیے تمام محکمے اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنی سطح پر محافل میلاد اور تقریبات کا انعقاد یقینی بنائیں۔”

اجلاس میں بتایا گیا کہ اس بابرکت مہینے کے دوران مختلف محکمے محافل میلاد، نعتیہ مشاعرے، نعت خوانی کے مقابلے، تقریری مقابلے، خطاطی اور کوئز مقابلے منعقد کریں گے۔ میونسپل کمیٹی کی جانب سے شہر کی تمام سڑکوں اور بازاروں میں خصوصی لائٹنگ کا انتظام کیا جائے گا جبکہ عید میلاد النبی ﷺ کے دن شہر بھر میں سبیلیں اور نیاز کی تقسیم کا اہتمام ہوگا، جس کی نگرانی محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کے افسران کریں گے۔

اس موقع پر مختلف محکموں نے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا کہ یکم ربیع الاول سے ہی تقریبات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام 11 اور 12 ربیع الاول کی درمیانی شب سیرت النبی ﷺ کانفرنس اور محفل میلاد شاندار انداز میں منعقد کی جائے گی جبکہ ضلعی پولیس تمام تقریبات اور محافل کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرے گی۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button