جہلم پولیس کی کارروائی، خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرنے والا ملزم گرفتار

جہلم: پولیس نے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے عوام کو گمراہ کرنے والے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ چوٹالہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کرنے والے ملزم کو گرفتار کیا۔
ترجمان کے مطابق ملزم کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعہ کے مختلف پہلوؤں سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ ملزم نے خود کو سرکاری ملازم ظاہر کر کے کسی اور غیر قانونی سرگرمی کا بھی ارتکاب کیا یا نہیں۔
ترجمان جہلم پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کوئی شخص جعلی شناخت اختیار کر کے یا خود کو سرکاری افسر یا ملازم ظاہر کر کے عوام کو گمراہ کرنے یا دھوکہ دینے کی کوشش کرے تو اس کی فوری اطلاع قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے والے کسی بھی شخص کے ساتھ قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔



