سوہاوہ پولیس کی اہم کارروائی، اقدامِ قتل کے مقدمہ میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان گرفتار

6
سوہاوہ: پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اقدامِ قتل کے مقدمہ میں طویل عرصے سے مطلوب دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ کارروائی جہلم کی تحصیل سوہاوہ میں ایس ایچ او تھانہ سوہاوہ اور ان کی ٹیم نے جدید سائنسی طریقۂ کار کو بروئے کار لاتے ہوئے عمل میں لائی۔ گرفتار کیے گئے دونوں مجرمان سال 2024 سے اقدامِ قتل کے ایک سنگین مقدمہ میں تھانہ سوہاوہ پولیس کو مطلوب تھے۔
مجرمان گرفتاری سے بچنے کے لیے مسلسل روپوش تھے اور اپنی رہائش گاہیں تبدیل کر کے قانون سے بچنے کی کوشش کر رہے تھے۔ تاہم پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور پیشہ ورانہ مہارت کا استعمال کرتے ہوئے مجرمان کو ٹریس کیا اور کامیاب کارروائی کے دوران انہیں گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار مجرمان کو مزید قانونی کارروائی کے بعد عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کا کہنا تھا کہ اشتہاری اور سنگین جرائم میں ملوث ملزمان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے، اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قانون سے فرار ہونے والوں کے لیے ضلع جہلم میں کوئی جگہ نہیں اور ایسے عناصر کو ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔



