جہلم میں بغیر ترپال مٹی و ریت بکھیرتی ٹریکٹر ٹرالیاں شہریوں کے لیے عذاب بن گئیں

جہلم شہر کی سڑکوں پر مٹی، ریت اور خاکہ بکھیرتی بغیر ڈھکی ٹریکٹر ٹرالیاں شہریوں کے لیے دردِ سر بن گئی ہیں۔
علی الصبح اور شام کے اوقات میں اڑتی گرد و غبار کے باعث شہری سانس اور آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔ احتیاطی تدابیر نہ اپنائے جانے کے باعث دھول مٹی سڑکوں پر گر کر فضائی آلودگی میں اضافہ کر رہی ہے۔
مٹی سے بھری ٹرالیاں، جن کے اوپر کسی قسم کا ترپال یا حفاظتی کور موجود نہیں ہوتا، تیز رفتاری سے گزرتے ہوئے سڑکوں پر ریت اور مٹی گراتی رہتی ہیں۔ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کے گزرنے سے یہ دھول اور خاکہ فضا میں پھیل جاتا ہے، جس سے شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔
شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ٹریفک پولیس ٹریکٹر ٹرالی مالکان کو حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت نہیں دے رہی، جس سے عوامی مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔
عوام نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم اور ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ مٹی، ریت، بجری اور خاکے سے بھری ٹرالیوں کو شہر میں داخل ہونے سے قبل حفاظتی اقدامات، بالخصوص ترپال سے ڈھانپنے کا پابند بنایا جائے تاکہ شہریوں کو بیماریوں اور آلودگی سے محفوظ رکھا جا سکے۔



