ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی دینہ میں کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل سنے

دینہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ کی تھانہ دینہ میں کھلی کچہری کا انعقاد اور تھانہ دینہ کا دورہ کیا۔ ڈی پی او جہلم نے کھلی کچہری میں لوگوں کے مسائل سنے اور موقع پر ہی ان کے حل کے احکامات جاری کیے۔ جبکہ تھانہ دینہ کے وزٹ میں بلڈنگ ، فرنٹ ڈیسک ، مال خانہ ، حوالات خانہ اور میس حال کا بھی جائزہ لیا ۔
تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ناصر محمود باجوہ نے تھانہ دینہ میں کھلی کچہری سے عوامی مسائل سنتے ہوئے انہیں فوری حل کے احکامات جاری کیے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سروس ڈلیوری کے معیار کو بہتر بنانا جہلم پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اگر کسی بھی شخص کو مقامی پولیس کے رویہ یا تفتیش پر اعتراض ہو تو وہ برائے راست مجھ سے رابطہ کر سکتا ہے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے احکامات پر فوری انصاف عوام کی دہلیز پر فراہم کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں پولیس خدمت مراکز کا قیام پولیس تحفظ مرکز کا قیام ، میثاق سنٹرز ، مصالتی کونسلز کا قیام اور تھانہ جات کی بطور سپیشل انیشیٹیو پولیس اسٹیشن اپ گریڈیشن شامل ہیں جہاں پر 24/7سہولیات بہم پہنچائی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد تیز ترین انصاف شہریوں کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ عوام الناس اپنے مسائل لے کر بلا جھجھک کھلی کچہریوں میں پہنچیں جہاں ان کے مسائل موقع پر ہی حل کیے جائیں گے۔
تھانہ دینہ کا دورہ
قبل ازیں ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے تھانہ دینہ کا وزٹ کیا جہاں انہوں نے بلڈنگ ، ایس آئی پی ایس پروٹوکول ، فرنٹ ڈیسک ، مال خانہ تھانہ حوالات اور میس کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری تنصیبات اس ملک و قوم کی امانت اور پنجاب پولیس کا اثاثہ ہے، ان کی دیکھ بھال اور حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب کی ہدایت کی روشنی میں دی گئی ٹائم لائن کے اندر ایف آئی آر کے اندراج کو یقینی بنایا جائے ، زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کیا جائے۔
ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لیے مربوط حکمت عملی اپنانے اور اشتہاری مجرمان کے ریڈ نوٹس جاری کروانے کے احکامات ، تھانہ جات میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور بہترین سہولیات فراہم کریں۔ پولیس کی کارکردگی جانچنے اور پولیس افسران و شہریوں کے مسائل جاننے کے لیے وزٹ کا سلسلہ جاری رہے گا۔



