آر پی او بابر سرفراز الپا نے دینہ میں ٹریفک پولیس کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

دینہ: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ دینہ میں ٹریفک پولیس کے نئے دفتر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر مقامی پولیس افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے دوران آر پی او بابر سرفراز الپا نے دفتر کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور شہریوں کو ٹریفک سے متعلق بہتر اور بروقت سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیا دفتر عوامی خدمت کے جذبے کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک سے متعلقہ امور کے حل کے لیے مقامی سطح پر ہی سہولت فراہم کی جا سکے۔
آر پی او راولپنڈی کا کہنا تھا کہ دینہ میں ٹریفک پولیس کا دفتر ایک دیرینہ عوامی مطالبہ تھا جسے اب پورا کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو اپنے ہی شہر میں ڈرائیونگ لائسنس، وہیکل رجسٹریشن، چالان کی ادائیگی سمیت دیگر اہم امور کے سلسلے میں سہولت میسر آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کا اصل مقصد عوام کی خدمت ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں کی بہتری اور سہولت کے لیے مزید اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔



