ایم پی اے رفعت محمود زیدی کا سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ، متاثرین سے ملاقات کی

سوہاوہ: ڈومیلی کی یونین کونسل نگیال کے گاؤں فور پوٹھی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے شدید متاثر، آمد و رفت کے تمام راستے منقطع، عوام کئی دنوں سے محصور ہو کر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب سید رفعت محمود زیدی بارش سے متاثرہ علاقے فور پوٹھی پہنچے اور متاثرین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سڑکیں تباہ ہونے اور راستے بند ہونے کی وجہ سے گاؤں کے مکین نہ سکول جا سکتے ہیں، نہ مریض ہسپتال پہنچ سکتے ہیں اور نہ ہی کوئی ٹرانسپورٹ چل رہی ہے، جو کہ انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

اہلِ علاقہ نے بتایا کہ بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود متعلقہ اداروں نے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا، جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

ایم پی اے رفعت محمود زیدی نے عوام کے مسائل سنے اور متعلقہ اداروں کو فوری طور پر سڑکوں کی مرمت و بحالی کے احکامات جاری کیے تاکہ گاؤں کے لوگ مشکلات سے نکل سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کی اولین ذمہ داری عوام کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی ہے، غفلت اور تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

ایم پی اے فور پوٹھی میں اس وقت عوام کے ساتھ گھل مل گئے جب انہوں نے پھنسی ہوئی گاڑی کو خود دھکا لگا کر نکالا، جس پر اہلِ علاقہ نے ان کے جذبے کو سراہا۔

اس موقع پر سابق ناظم یوسی نگیال چوہدری فدا الحق سمیت دیگر مقامی شخصیات بھی موجود تھیں۔ اہلِ علاقہ نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فور پوٹھی کی سڑکوں اور دیگر سہولتوں کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں، ورنہ عوام احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button