عیدالاضحیٰ گزر گئی مگر جہلم میں مہنگائی کا طوفان برقرار، شہری پریشان

جہلم: عیدالاضحیٰ کے اختتام کے باوجود مہنگائی کی شدت میں کوئی کمی نہ آ سکی، جس کے باعث غریب اور سفید پوش طبقہ شدید معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ روزمرہ استعمال کی اشیاء، یوٹیلٹی بلز اور دیگر ضروریاتِ زندگی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ضلع جہلم سمیت ملک بھر میں اشیائے خورونوش، گھریلو استعمال کی مصنوعات اور دیگر بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے متوسط اور کم آمدن والے طبقے کی زندگی کو متاثر کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے نہ صرف دو وقت کی روٹی کا حصول مشکل بنا دیا ہے بلکہ ذہنی سکون بھی چھین لیا ہے۔

شہریوں کے مطابق سرکاری و نجی اداروں میں ملازمت کرنے والے افراد کی تنخواہوں اور آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوا، جبکہ دوسری جانب مہنگائی میں مسلسل اضافے کے باعث گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔

عوام کا کہنا ہے کہ بچوں کی تعلیم، علاج معالجہ، بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلٹی بلوں کی ادائیگی کے بعد عام آدمی کے لیے بنیادی ضروریات پوری کرنا بھی دشوار ہوتا جا رہا ہے۔

سماجی اور عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کیے جائیں، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جائے۔

شہریوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ توانائی کے استعمال میں کفایت شعاری کو فروغ دینے کے لیے سرکاری سطح پر اخراجات میں کمی لائی جائے اور حکومتی وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ قومی خزانے پر بوجھ کم ہو اور عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے زیادہ وسائل دستیاب ہو سکیں۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ حالات میں عام آدمی کو ریلیف دینا وقت کی اہم ضرورت ہے اور حکومت کو ایسے اقدامات کرنے چاہئیں جن سے عوام کی معاشی مشکلات میں کمی آئے اور زندگی کی بنیادی ضروریات ہر شہری کی دسترس میں رہ سکیں۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button