جہلم پولیس کی کارروائی، عوامی مقامات پر آوارہ گردی کرنے والے چار افراد گرفتار

جہلم پولیس نے امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران عوامی مقامات پر مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر، امن عامہ میں خلل ڈالنے والوں اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف ضلع بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
اسی سلسلے میں ایس ایچ او تھانہ سٹی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے عوامی مقامات پر بغیر کسی معقول وجہ کے مشتبہ انداز میں گھومنے پھرنے اور آوارہ گردی کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف ضابطے کے مطابق قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امن و امان کا قیام جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مقامات پر ہلڑ بازی، آوارہ گردی، مشتبہ سرگرمیوں اور امن عامہ میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی تاکہ شہری خود کو محفوظ ماحول میں محسوس کریں۔



