جہلم شہر سمیت ملحقہ آبادیوں میں سوئی گیس کی بندش کے باعث صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کی مسلسل بندش سے گھریلو صارفین کے معاملات بری طرح متاثر ہونے لگے ہیں، جبکہ بلاجواز گیس کی بندش کے حوالے سے محکمہ کی جانب سے کوئی پیشگی آگاہی یا وضاحت بھی فراہم نہیں کی جاتی، جس کے باعث شہری شدید پریشانی سے دوچار ہیں۔
گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ سوئی گیس کی بندش کے باعث روزمرہ کھانا پکانا بھی ایک بڑا مسئلہ بن گیا ہے اور ہانڈی روٹی کی تیاری میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ دوسری جانب حکومت میں موجود منتخب ممبرانِ اسمبلی بھی اس اہم عوامی مسئلے پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں، جس پر صارفین نے سخت تعجب کا اظہار کیا ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ گیس لوڈشیڈنگ کے اوقات کار جاری ہونے کے بعد مقررہ اوقات میں گیس کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے، لیکن اس کے باوجود گھریلو صارفین کو گیس میسر نہیں۔ گھروں میں چولہے مکمل طور پر بند ہیں اور کھانے کی تیاری کے لیے بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اس حوالے سے شہریوں نے کہا ہے کہ ممبرانِ اسمبلی کی ذمہ داری ہے کہ وہ شہریوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے قومی اسمبلی میں آواز اٹھائیں، لیکن منتخب نمائندے شہری آبادی کو درپیش مشکلات پر مکمل چشم پوشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ عوام کے لیے یہ صورتِ حال انتہائی اذیت ناک بنتی جا رہی ہے۔
شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سوئی گیس کی بلاجواز بندش کا فوری نوٹس لیا جائے اور خصوصاً کھانے کے اوقات میں بلا تعطل گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ شہری اپنے گھریلو معاملات بہتر انداز میں چلا سکیں اور ہانڈی روٹی کی تیاری میں درپیش مشکلات سے نجات حاصل کر سکیں۔
