شہریوں کے مسائل کا حل اور بروقت انصاف کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ڈی پی او شفیق احمد چوہدری

جہلم: ڈی پی او جہلم کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر ڈی پی او آفس جہلم میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرکے اپنے مسائل، شکایات اور درخواستیں ڈی پی او جہلم کے سامنے پیش کرتی ہے۔

کھلی کچہری کے دوران ڈی پی او جہلم نے شہریوں کے مسائل خود سنے اور موقع پر ہی متعلقہ افسران کو فوری کارروائی اور مسائل کے حل کے لیے ضروری احکامات جاری کیے۔

ڈی پی او جہلم کا کہنا تھا کہ کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور ان کے مسائل کا بروقت حل یقینی بنانا ہے۔ پولیس عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے، جبکہ شہریوں کے ساتھ براہِ راست رابطہ اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

ڈی پی او جہلم نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی شکایات کو میرٹ پر ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام افسران شہریوں کے مسائل کے حل کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ وقت میں عملدرآمد رپورٹ پیش کریں۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے حل، بروقت انصاف کی فراہمی اور عوام دوست پولیسنگ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

↑
Exit mobile version