جہلم: انجمن آرائیاں ضلع جہلم کے زیر اہتمام بسم اللہ میرج ہال، محمدی چوک میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں انجمن آرائیاں ضلع جہلم کے سابق صدر اور ممتاز قانون دان چوہدری محمد یعقوب اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری علی اصغر کی طویل، گراں قدر اور ناقابلِ فراموش خدمات کے اعتراف میں مرکزی و ضلعی قیادت کی جانب سے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز پیش کیے گئے۔
تقریب میں ضلع بھر سے آرائیں برادری کی سرکردہ شخصیات، عمائدین، وکلا، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پر جہلم پریس کلب کے وفد کا انجمن آرائیاں کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
جہلم پریس کلب کے وفد کی قیادت صدر ڈاکٹر سہیل امتیاز خان نے کی جبکہ وفد میں صدر ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس چوہدری مہربان حسین، چوہدری ظفر نور، غلام قادر مخلص، عامر کیانی، چوہدری عابد محمود، سہیل کیانی، عبدالغفار آزاد، عبدالرحمٰن قادری، سید عرفان حیدر اور دینہ سے چوہدری عرفان محبوب شامل تھے۔
تقریب کی میزبانی کے فرائض ضلعی صدر حاجی حبیب الرحمن نے انجام دیے، جبکہ معروف قانون دان چوہدری کاشف اسلام نے بطور اسٹیج سیکرٹری تقریب کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھایا۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں ہدیۂ نعت پیش کیا گیا۔
تقریب کے مہمانانِ خصوصی میاں محمد سعید ڈیرے والے اور میاں حبیب الرحمٰن نے اپنے خطابات میں کہا کہ آرائیں برادری ایک غیور، باوقار اور محب وطن برادری ہے، جس نے ملکی تعمیر و ترقی، سماجی بہبود اور قومی خدمت کے مختلف شعبوں میں ہمیشہ اپنا مثبت کردار ادا کیا ہے۔
میاں محمد سعید ڈیرے والے نے کہا کہ چوہدری محمد یعقوب اور چوہدری علی اصغر کی خدمات کا اعتراف درحقیقت ان کی طویل جدوجہد، بے لوث خدمت اور برادری کے لیے مخلصانہ کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے مترادف ہے۔ ایسی شخصیات معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں، جن کی خدمات اور مثبت کردار نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
مقررین نے کہا کہ اس تقریب کا مقصد صرف دو قابلِ احترام شخصیات کی خدمات کو سراہنا ہی نہیں بلکہ آرائیں برادری کو ایک مضبوط، متحد اور موثر پلیٹ فارم پر یکجا کرنا، باہمی اتحاد و اتفاق کو فروغ دینا اور اجتماعی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی وضع کرنا بھی ہے۔
تقریب میں شریک معزز مہمانوں میں میاں خالد حبیب الٰہی، میاں افتخار بشیر، میاں محمد اکرم اور مہر میاں محمد حبیب کنول سمیت دیگر شخصیات شامل تھیں۔
انجمن آرائیاں ضلع جہلم کے صدر حاجی حبیب الرحمٰن نے تقریب میں شرکت کرنے والے تمام معزز مہمانوں، عمائدین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کی تعلیم و تربیت، فلاح و بہبود، مثبت سماجی سرگرمیوں میں شمولیت اور برادری کے مستحق افراد کی معاونت انجمن کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ برادری کے حقوق کے تحفظ، سماجی مسائل کے حل اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے محض اعلانات پر اکتفا نہیں کیا جائے گا بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے ان مقاصد کو آگے بڑھایا جائے گا۔
مقررین کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی برادری کی اصل قوت اس کا اتحاد، باہمی اعتماد اور اجتماعی شعور ہوتا ہے۔ ذاتی و انفرادی مفادات سے بالاتر ہو کر اجتماعی مقاصد کو ترجیح دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، باوقار اور مثبت روایات کا حامل معاشرتی پلیٹ فارم تشکیل دیا جا سکے۔
تقریب کے اختتام پر برادری کی خدمت، اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
