ہوٹل مالکان اپنے ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کو مجرموں کی پناہ گاہ نہ بننے دیں، ڈی پی او جہلم ناصر محمود باجوہ

جہلم: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ضلع جہلم کے ہوٹل مالکان/مینیجرز سے میٹنگ کی۔
میٹنگ میں ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی صدر، ایس ایچ اوز تھانہ سٹی، سول لائنز، صدر، کالا گجراں سمیت ہوٹل مالکان/مینیجرز شریک ہوئے جبکہ پنڈدادنخان سرکل کے ہوٹل مالکان/مینیجرز نے بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ میں شرکت کی۔
ڈی پی او جہلم نے شرکاء کو جدید ٹیکنالوجی اور ہوٹل آئی سافٹ وئیر کے استعمال کے متعلق ضروری ہدایات دیں۔
انہوں نے ہوٹل مالکان کو ہدایت کیں کہ ہوٹلز میں آنے والے فارنرز کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن کو دیں، فارنرز ہمارے مہمان ہیں جن کی حفاظت جہلم پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
ناصر محمود باجوہ نے کہا کہ ہوٹل آئی سافٹ وئیر اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئےہوٹلز میں آنے والے مسافروں اور شہریوں کا درست ریکارڈ مرتب کیا جائے،اندراج نہ کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم نے ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ ہوٹلوں کا ریکارڈ رجسٹر ریگولر چیک کریں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم ناصر محمود باجوہ نے مزید کہا کہ ہوٹل مالکان اپنے ہوٹلز اور گیسٹ ہاوسز کو مجرموں کی پناہ گاہ نہ بننے دیں اور آنے والے تمام افراد کا ڈیٹا لازماً”ہوٹل آئی سافٹ ویئر” میں درج کریں۔



