جہلم جمخانہ کلب میں مسجد کی تعمیر کا آغاز، بابا عرفان الحق اور ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے سنگ بنیاد رکھا

جہلم: ضلع جہلم میں زیر تعمیر جمخانہ کلب میں مسجد کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ معروف مذہبی شخصیت بابا جی عرفان الحق اور ڈپٹی کمشنر سید محمد میثم عباس نے مسجد کے تعمیراتی کام کا سنگ بنیاد رکھا۔

تقریب میں جمخانہ کلب کے ممبران، بورڈ آف گورنرز کے اراکین اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بابا عرفان الحق نے کہا کہ مسجد کی تعمیر ایک ایسا صدقہ جاریہ ہے جو قیامت تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اس نیک کام میں حصہ ڈالنا چاہیے اور اپنی استطاعت کے مطابق کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمخانہ کلب کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور اسے ضلع جہلم کا ایک جدید اور فعال سماجی مرکز بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کلب میں تمام جدید سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور شہریوں کی بڑی تعداد اس کی ممبر شپ حاصل کر چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسجد کی تعمیر نہ صرف کلب کے ممبران کے لیے ایک روحانی سہولت مہیا کرے گی بلکہ یہ معاشرتی ہم آہنگی اور دینی شعور کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔

Exit mobile version