جہلم کی ہونہار طالبہ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں راولپنڈی بورڈ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی

جہلم کی ہونہار طالبہ نشاء یعقوب نے راولپنڈی بورڈ میں آرٹس گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی۔

تفصیلات کے مطابق جہلم کی ہونہار بیٹی نشاء یعقوب نے اپنی محنت، لگن اور والدین کی دعاؤں کے بل بوتے پر نمایاں کامیابی حاصل کر لی۔ گورنمنٹ کالج برائے خواتین کچہری کی طالبہ نشاء یعقوب نے سیکنڈ ایئر آرٹس گروپ میں 1042 نمبر لے کر تیسری پوزیشن اپنے نام کی اور والدین و اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

نشاء یعقوب کا تعلق ایک غریب گھرانے سے ہے، ان کے والد ڈرائیور ہیں۔ محدود وسائل اور کٹھن حالات کے باوجود انہوں نے یہ ثابت کیا کہ خواب دیکھنے والے صرف خوشحال گھرانوں کے بچے ہی نہیں ہوتے بلکہ اصل کامیابی ان بچوں کی ہوتی ہے جو مشکلات کے باوجود اپنے ارادوں کو بلند رکھتے ہیں۔

اس شاندار کامیابی کے بعد نشاء یعقوب نے کہا کہ یہ سب والدین کی دعا اور اساتذہ کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے جہلم کے لیے باعث فخر ہے۔

نشاء یعقوب کی یہ کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ اگر حوصلے بلند ہوں تو حالات خواہ جیسے بھی ہوں، کامیابی ضرور قدم چومتی ہے۔ ان کی یہ کامیابی معاشرے کے ہر اس بچے کے لیے امید کی کرن ہے جو تعلیم کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا حوصلہ رکھتا ہے۔

Exit mobile version