انتظامیہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ

سوہاوہ: ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل سوہاوہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس کا مقصد عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کرنا اور محکمہ مال کے امور میں شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔
کھلی کچہری میں سرکل ریونیو آفیسرز، گرداوران اور پٹواری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے سائلین کی شکایات فرداً فرداً سنیں، جن میں زیادہ تر شکایات اراضی رپورٹس کے طویل عرصے سے زیرِ التوا ہونے سے متعلق تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ زیرِ التوا رپورٹس کو ایک ہفتے کے اندر مکمل کر کے نمٹایا جائے اور عوام کو دفاتر کے چکر لگوانے کا سلسلہ ختم کیا جائے۔
انہوں نے فیلڈ اسٹاف کو ہدایت کی کہ ریونیو ریکارڈ کی درستگی اور عوامی درخواستوں پر کارروائی میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے، جبکہ غفلت یا تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔



