ضلع جہلم کے سرکاری دفاتر میں رشوت کے بغیر کام کروانا جوئے شیر لانے کے مترادف

جہلم: ضلع بھر کے سرکاری دفاتر میں رشوت کے بغیر کام کروانا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے۔
محکمہ مال ، پولیس، ٹریفک ،ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ،اکاؤنٹس آفس، محکمہ تعلیم ، محکمہ لائیو سٹاک، موٹر وہیکل ایگزا میز، میونسپل کمیٹی سمیت دیگر اداروں میں رشوت وصولی عروج پر پہنچ چکی ہے۔
سرکاری ملازمین رشوت کو اپنا قانونی حق سمجھتے ہیں اگر کوئی شہری رشوت نہ دے تو زبر دستی اسے ناک سے لکیریں نکلوائی جاتی اورلوہے کے چنے چبوائے جاتے ہیں اور رشوت لیکر ہی جائز کام کئے جاتے ہیں۔
معمولی کام کے لیے بھی جب تک جیب گرم نہ کی جائے تو کام کروانا نا ممکن ہو جاتا ہے جبکہ محکمہ انسداد ِ رشوت ستانی (اینٹی کرپشن) سب کچھ جانتے ہو ئے بھی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے جو کہ اینٹی کرپشن کی کارکردگی پر گہرا سوالیہ نشان ہے ۔
شہریوں نے وزیر اعلی پنجاب ،مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی جی اینٹی کرپشن لاہور سے نوٹس لینے اور تھانہ اینٹی کرپشن کو کرپشن میں ملوث سرکاری محکموں کے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائیاں کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔



