پنڈدادنخان میں لڑائی جھگڑا، شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں اور ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار

پنڈدادنخان میں جلالپور شریف پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے لڑائی جھگڑا کرنے، شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور ہوائی فائرنگ کے مقدمے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان جہلم پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ جلالپور شریف اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے شہری کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کیا۔ پولیس نے ملزم کے قبضے سے 30 بور پسٹل بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیا، جبکہ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے خلاف لڑائی جھگڑے، جان سے مارنے کی دھمکیوں اور ہوائی فائرنگ کے حوالے سے مقدمہ درج ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو تفتیش مکمل کرنے کے بعد ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا اور قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں جرائم پیشہ عناصر اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات عمل میں لا رہی ہے اور جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رکھی جائے گی۔



