جہلم میں جلد الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہو گا، بلال اظہر کیانی

17

جہلم: وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ جہلم میں جلد الیکٹرک بس سروس کا آغاز ہونے والا ہے، جو شہر کی ٹرانسپورٹیشن میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آئندہ چند ہفتوں میں جہلم کا دورہ کریں گی جبکہ دورے کی باقاعدہ تاریخ جلد جاری کر دی جائے گی۔

شہریوں نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ مذکورہ منصوبہ جلد عملی شکل اختیار کرے گا۔

واضح رہے کہ الیکٹرک بس سروس کے آغاز کے لیے 15 الیکٹرک بسیں 20 اکتوبر کو جہلم پہنچا دی گئی تھیں۔ ان بسوں کا افتتاح 29 اکتوبر کو وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کرنا تھا، تاہم دورہ ملتوی ہونے کے باعث منصوبے میں تاخیر ہوگئی۔ فی الحال تمام بسیں جنرل بس اسٹینڈ جہلم میں کھڑی ہیں اور سروس تاحال شروع نہیں ہو سکی، جس پر شہریوں کی جانب سے تشویش کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

انتظامیہ نے اسی دوران الیکٹرک بسوں کے روٹس میں نمایاں تبدیلیاں کر دی ہیں۔ نئی منصوبہ بندی کے مطابق اب یہ بسیں جہلم کینٹ سے کوٹلہ فقیر تک چلیں گی جبکہ نوگراں، جنگو اور رڑیالہ کو بھی روٹس کا حصہ بنا دیا گیا ہے، جس سے مضافاتی علاقوں کے رہائشیوں کو بہتر اور سستی سفری سہولت میسر آئے گی۔

حکام کے مطابق جہلم تا للِہ دو رویہ سڑک کی تکمیل کے بعد بس سروس کو سنگھوئی تک بھی توسیع دی جائے گی، جس سے دیہی اور نیم شہری آبادی براہِ راست مستفید ہوگی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ماحول دوست اور کم لاگت الیکٹرک بس سروس جہلم شہر کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے، تاہم منصوبے میں ہونے والی تاخیر نے کئی سوالات کو جنم دیا ہے۔ اب تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ آیا حکومت اعلان کردہ مدت کے اندر اس سروس کو باقاعدہ طور پر شروع کرنے میں کامیاب ہوتی ہے یا نہیں۔

Exit mobile version