سوہاوہ میں کنکریٹ سڑک کی تعمیر روکنے کی کوشش پر شدید عوامی ردعمل، رفعت زیدی پر تنقید

سوہاوہ: پنجاب اسمبلی میں ایم پی اے سید رفعت محمود زیدی کی جانب سے ڈھوک امب سے شاہ سفیر تک تعمیر ہونے والی کنکریٹ سڑک کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ عوامی نمائندوں اور مقامی افراد نے اسے ترقیاتی کاموں کی راہ میں رکاوٹ اور عوام دشمنی قرار دے دیا ہے۔
ایم پی اے رفعت زیدی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذکورہ سڑک پہلے ہی تارکول سے بنی ہوئی تھی اور اسے کنکریٹ کرنے کے عمل پر انکوائری ہونی چاہیے۔ اس درخواست پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سابق ایم پی اے و پارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد اور چیئرمین یونین کونسل پنڈ متے خان سید گلبہار شاہ نے شدید مذمت کی ہے۔
راجہ اویس خالد نے اپنے بیان میں کہا کہ "یہ سڑک کئی سالوں سے خستہ حالی کا شکار تھی، اور مقامی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ اسے پائیدار بنیادوں پر تعمیر کیا جائے۔ اب جب حکومت نے عوامی فلاح کے لیے اسے کنکریٹ کرنے کا فیصلہ کیا تو رفعت زیدی جیسے عناصر اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور میں تو کچھ نہ کیا، اب عوامی ریلیف پر سیاست کی جا رہی ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
چیئرمین یونین کونسل سید گلبہار شاہ نے بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "سید رفعت زیدی ترقیاتی کاموں کے خلاف سرگرم ہو چکے ہیں۔ یہ عوامی سہولت کو روکنے کی سازش ہے۔ سڑک کی تعمیر علاقہ مکینوں کا بنیادی حق ہے، جسے چھیننے کی کوشش کسی طور قبول نہیں کی جائے گی۔ ہم ہر سطح پر اس کی مزاحمت کریں گے اور سڑک مکمل ہو کر رہے گی۔”
علاقہ مکینوں نے بھی سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ سالوں سے اس سڑک کی خستہ حالی سے تنگ آ چکے تھے اور جب بالآخر کنکریٹ سڑک کی تعمیر کا آغاز ہوا تو ایک منتخب نمائندہ ہی رکاوٹ بن گیا ہے۔ انہوں نے اس اقدام کو "عوامی مفاد کے خلاف سازش” قرار دیا۔
اہلیانِ علاقہ نے حکومتِ پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر کو فوری مکمل کروایا جائے اور ان عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے جو عوامی فلاح کے منصوبوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔



