ورلڈ فیملی ڈے کی مناسبت سے خصوصی تقریب، خاندان کے معاشرتی کردار کو اجاگر کیا گیا

جہلم: ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس جہلم کی جانب سے ورلڈ فیملی ڈے کے موقع پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سماجی ترقی کے اہداف کے حصول میں خاندان کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا گیا۔

تقریب کی صدارت ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر فلائٹ/لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) حسن خالد نے کی، جنہوں نے افتتاحی خطاب کے دوران اقوام متحدہ کے 1994 کے اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہر سال 15 مئی کو عالمی یومِ خاندان منانے کا مقصد خاندان کو سماجی ترقی کی بنیاد کے طور پر تسلیم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ غربت میں کمی، صنفی مساوات، تعلیم کی فراہمی، اور خوراک کی دستیابی جیسے مقاصد خاندانی نظام کی مضبوطی سے جُڑے ہوئے ہیں۔ حسن خالد نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان میں خاندانی رشتے مضبوط ہیں لیکن ان کے باوجود صنفی عدم مساوات، غربت، اور تعلیم کی کمی جیسے چیلنجز موجود ہیں جن پر قابو پانے کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حسن خالد نے فیلڈ سروس پرووائیڈرز پر زور دیا کہ وہ پیدائش میں مناسب وقفہ، خاندانی صحت، اور سماجی رویوں میں مثبت تبدیلی کے لیے عوامی سطح پر بیداری پیدا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بچپن کی شادیوں کی حوصلہ شکنی، لڑکیوں کے ساتھ مساوی سلوک، خاندانی منصوبہ بندی کا فروغ اور بزرگوں کے ساتھ اسلامی اصولوں کے مطابق تعلقات کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر (کمیونیکیشن اینڈ ٹریننگ) آفتاب سرور نے کمیونٹی سطح پر فیلڈ ورکرز کے ذریعے آگاہی مہمات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ڈسٹرکٹ ڈیموگرافر مریم نعیم نے جہلم کی آبادی سے متعلق اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع کی کل آبادی 13 لاکھ 82 ہزار 308 ہے، جس کی سالانہ شرحِ نمو 2 اعشاریہ 08 فیصد ہے جبکہ ہر گھرانے میں اوسطاً 6 اعشاریہ 03 افراد شامل ہوتے ہیں۔

تقریب میں مختلف محکموں، این جی اوز اور کمیونٹی نمائندوں نے شرکت کی اور خاندانی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا گیا۔

Exit mobile version