جہلم: پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر پولیس نے رکاوٹیں کھڑی کر کے دریائے جہلم کے پلوں کو ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ پل بند ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مسافر ذلیل و خوار ہونے لگے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لئے انتظامیہ نے دریائے جہلم پل پر رکاوٹیں کھڑی کر کےجی ٹی روڈ پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔ پل بند ہونے سے جی ٹی روڈ پر گاڑیوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہت جبکہ خواتین، بچے اور بزرگ پیدل چلنے پر مجبور ہیں۔
جی ٹی روڈ پر دریائے جہلم کے دونوں پلوں، ریلوے پل کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کردیاگیا ہے اور دونوں پلوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے ۔
پولیس کی جانب سے گاڑیوں کی مزید پکڑ دھکڑ بھی جاری ہے۔ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ پولیس نے زبردستی گاڑیوں کے کاغذات اور چابیاں چھین لی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری کیلئے پولیس کا رات بھر کریک ڈاؤن جاری رہا۔ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھروں پر پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔ 19افراد کو گرفتار کر کے مختلف تھانوں میں منتقل کر دیا گیا۔
قبل ازیں جہلم پولیس کی جانب سے دریائے جہلم کے پلوں کے بند کرنے کیلئے 70سے زائد کنٹینرز اور ٹرک پکڑ کر پل کے قریب کھڑے کر دیے تھے۔ متعدد کنٹینرز، ٹرالر اور ٹرک فوجی مل گراؤند اور تھانوں کے باہر موجود ہیں۔
