ضلع جہلم میں شدید بارش سے تباہی، متعدد دیہات میں پانی داخل، کئی افراد پھنس گئے، 2 افراد زخمی

جہلم/ پنڈدادنخان: ضلع جہلم میں موسلادھار بارشوں سے کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے، متعدد دیہات میں پانی داخل ہو گیا۔ ڈھوک بدر میں 40 سے زائد افراد پانی میں پھنس گئے جبکہ دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو ٹیموں نے متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا.
تفصیلات کے مطابق جہلم، پنڈ دادنخان اور سوہاوہ کے مختلف علاقوں میں شدید بارش نے زندگی کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ برساتی نالوں اور پہاڑی پانی کے باعث کئی دیہات سیلابی صورتحال سے دوچار ہو گئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر سڑکیں بہہ گئی ہیں۔ ریسکیو ادارے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
جہلم کے نواحی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے بعد برساتی نالوں میں تغیانی آگئی جس کے نتیجے میں ڈھوک بدر سمیت کئی دیہات میں پانی داخل ہو گیا۔ نکہ خلاص پور، وگھ، چکری راجگان اور رسول پور ڈومیلی بھی شدید متاثر ہوئے۔ ڈھوک بدر میں 40 سے زائد افراد پانی میں پھنس گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
@jhelumupdates جہلم میں بارش سے سیلابی صورتحال، متعدد دیہات میں پانی داخل، متعدد افراد پانی میں پھنس گئے #JhelumUpdates #LatestNews #fyp #breakingnews #foryoupagе #viralvideos #jhelum #latestupdates #pinddadankhan #sohawa #domeli #rain #flood ♬ original sound – Jhelum Updates
ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور دیگر متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ چکے ہیں۔ ریسکیو انچارج کے مطابق تمام افراد کو جلد محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جائے گا اور اگر ضرورت پڑی تو ائیر ایمبولینس کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔
ادھر پنڈ دادنخان میں وقفے وقفے سے جاری موسلا دھار بارش نے صورتحال مزید خراب کر دی ہے۔ غریب وال، سدھووال، ساؤوال، واڑہ پھپھرا اور دیگر دیہات میں پہاڑی پانی داخل ہو گیا ہے جس سے ان کا شہر سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے۔
دھریالہ جالپ سے غریب وال، روال سے غریب وال اور چک مجاہد موڑ سے سیمنٹ فیکٹری جانے والی سڑکیں پانی میں بہہ گئی ہیں جبکہ جلال پور شریف خوشاب نہر کی زیر تعمیر پلوں کے راستے بھی پانی کی نذر ہو چکے ہیں۔ ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ہے اور علاقہ مکینوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
سوہاوہ کے علاقے ڈھوک عارف شاہ چکوال روڈ پر بارش کے باعث ایک دیوار گر گئی، جس کی زد میں آ کر دو افراد زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122 نے فوری طور پر دونوں افراد کو فرسٹ ایڈ فراہم کرتے ہوئے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سوہاوہ منتقل کر دیا۔ زخمی ہونے والوں میں 56 سالہ فاروق ولد غلام حسین اور 46 سالہ وسیم ولد عدالت شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔



