پنڈدادنخان: شہیدوں اور غازیوں کی دھرتی ضلع جہلم کا ایک اور بہادر سپوت مادر وطن پر قربان ہو گیا، شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین ضلع جہلم کی تحصیل پنڈدادنخان کے گاؤں ملیار کا بہادرسپوت پاک فوج کے جوان محمد صفدر وزیرستان میں عسکریت پسندوں سے مقابلے کے دوران شہید ہو گئے۔
اتوار کے روز شہید جوان محمد صفدر کی نماز جنازہ آبائی گاؤں ملیار میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں سول سوسائٹی، فوجی افسران اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، شہید کی قبر پر آرمی چیف و دیگر افسران کی طرف سے پھولوں کے گلدستے رکھے گئے۔
محمد صفدر شہید نے سوگواران میں والدین، بیوہ اور اڑھائی سالہ بیٹی کو چھوڑا ہے۔
محمد صفدر شہید کے والد محمد افضل کا کہنا ہے کہ آج میرے بیٹے کی سب سے بڑی خواہش پوری ہوئی ہے کہ وہ پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر کے قبر میں اتارا جائے گا، بیٹے کی شہادت پر ناز ہے، ایسا بیٹا اللہ پاک سب والدین کو دے۔
