پاک فوج سے اظہار یکجہتی؛ اوکاڑہ سے پیدل چلنے والے نوجوان کا ضلع جہلم پہنچنے پر شاندار استقبال

جہلم: اوکاڑہ سے جی ایچ کیو پیدل مارچ، پاک فوج سے اظہار یکجہتی کےلیے پیدل مارچ کرنے والا نوجوان ارشاد دینہ اور سوہاوہ سے ہوتا ہوا اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہے۔
تفصیلات کے مطابق حافظ ملک ارشاد کا دیپالپور سے راولپنڈی تک کا پیدل سفر جاری ہے۔ جہلم ٹول پلازہ پر پہنچنے کے بعد شہریوں کی جانب سے بھرپور استقبال کیا گیا۔ پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے حافظ ارشاد کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سمیت دیگر سرکاری افسران بھی موجود تھے۔
جہلم کے بعد حافظ ارشاد دینہ پہنچے تو دینہ کے شہریوں نے حافظ ملک ارشاد کا بھرپور استقبال کر کے دینہ کی سرزمین پرخوش آمدید کہا۔ استقبال کرنے والوں نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
اس موقع پر حافظ ارشاد کا کہنا تھا کہ پیدل مارچ کرنے کا مقصد پاک فوج کی قربانیوں کا اعتراف کرنا ہے۔
حافظ ارشاد کی پاک فوج سے اظہار یکجہتی کے لیے پیدل مارچ آج تقریباً 9 بجے دینہ چوک پر پہنچا جہاں مقامی انتظامیہ نے ان کا استقبال کیا جبکہ تقریباً 4 بجے یہ مارچ مین چوک جی ٹی روڈ سوہاوہ پہنچا، جہاں تحصیلدار سوہاوہ ملک جمال ناصر اور ایس ایچ او سوہاوہ محمد عمران نے استقبال کیا۔ سوہاوہ میں درجنوں افراد نے ان کا استقبال کیا، پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور گلدستے پیش کیے۔
آج 14 ستمبر کو ان کا سفر سوہاوہ میں ختم ہوا اور وہ گاڑی کے ذریعے الکوثر ہوٹل دینہ پہنچے جہاں انہوں نے رات قیام کیا۔ 15 ستمبر کو وہ اپنے پیدل مارچ کا آغاز دوبارہ سوہاوہ سے جی ایچ کیو راولپنڈی کی طرف کریں گے۔



