پنجاب میں جعلی اور غیر معیاری 12 ادویات پکڑی گئیں

جہلم : پنجاب بھر میں جعلی اور غیر معیاری ادویات کے خلاف جاری کارروائی کے دوران 12 ادویات کے مخصوص بیچز کو جعلی یا غیر معیاری قرار دیتے ہوئے ان کا استعمال فوری طور پر روکنے اور مارکیٹ سے واپس منگوانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈرگ ٹیسٹنگ کے دوران الرجی کے علاج میں استعمال ہونے والی پانچ مختلف کمپنیوں کی ادویات غیر معیاری قرار دی گئی ہیں۔ اسی طرح معروف اینٹی بائیوٹک دوا "ایزومیکس” کے مخصوص بیچز بھی ٹیسٹنگ کے دوران جعلی ثابت ہوئے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

مزید برآں، پیٹ کے امراض کے علاج میں استعمال ہونے والی دوا "زوپینٹ” کو بھی جعلی قرار دیا گیا ہے، جبکہ خون کی کمی کے مریضوں کو لگایا جانے والا ایک انجکشن بھی غیر معیاری پایا گیا ہے۔

ڈرگ ٹیسٹنگ کے دوران ہومیوپیتھک گولیوں "بیلا” اور "ڈونا” میں ممنوعہ اسٹیرائیڈ کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا، جبکہ فیس وائٹننگ کریم "ڈرموٹین” میں ملاوٹ ثابت ہونے کے بعد اس کے مخصوص بیچز کے استعمال پر بھی فوری پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

متعلقہ حکام نے تمام ڈاکٹرز، طبی ماہرین، فارماسسٹس اور میڈیکل اسٹور مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ادویات کے متاثرہ بیچز کا استعمال اور فروخت فوری طور پر بند کریں، جبکہ انہیں مارکیٹ سے واپس لے کر متعلقہ ضابطہ کار کے مطابق کارروائی یقینی بنائی جائے۔

صحت کے ماہرین نے شہریوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ ادویات صرف مستند میڈیکل اسٹورز سے خریدیں، دوا استعمال کرنے سے قبل اس کی پیکنگ، بیچ نمبر اور معیادِ استعمال ضرور چیک کریں، اور کسی بھی مشتبہ یا غیر معیاری دوا کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ محکمہ صحت یا ڈرگ کنٹرول حکام کو دیں تاکہ عوام کی صحت کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button