ڈومیلی سے اغواء ہونے والی خاتون اسلام آباد سے بحفاظت بازیاب

سوہاوہ: ڈومیلی پولیس نے اغواء کے مقدمے میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بحفاظت بازیاب کر کے ورثاء کے حوالے کر دیا۔

ترجمان جہلم پولیس کے مطابق جہلم کی تحصیل سوہاوہ کے تھانہ ڈومیلی میں درج اغواء کے مقدمے میں مغویہ کی تلاش جاری تھی۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) جہلم شفیق احمد چوہدری کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او تھانہ ڈومیلی اور ان کی ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید تفتیشی طریقہ کار اور مسلسل محنت کے ذریعے مغویہ کی بازیابی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں۔

ترجمان کے مطابق خفیہ اطلاعات اور جدید تکنیکی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں مغویہ کو اسلام آباد سے بحفاظت بازیاب کر لیا گیا۔ مغویہ کا تعلق بڑا گواہ کے نواحی گاؤں سے ہے جبکہ اس کے اغواء کا مقدمہ 19 جون کو تھانہ ڈومیلی میں درج کیا گیا تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ بازیابی کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے مغویہ کو اس کے ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ جہلم پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اغواء سمیت سنگین جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق مؤثر کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Exit mobile version