اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر حفاظتی بند کو نقصان پہنچنے لگا، بھاری ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت جاری

جہلم شہر کو ممکنہ سیلابی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اربوں روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کیا جانے والا حفاظتی بند محکمہ انہار کی انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور قانون شکن ٹریکٹر ٹرالی ڈرائیوروں کی لاپرواہی کے باعث شدید نقصان سے دوچار ہو رہا ہے۔ حفاظتی بند پر مسلسل بھاری ٹریکٹر ٹرالیاں گزارے جانے سے اس کے مختلف حصے متاثر ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جہلم شہر کے اندر تعمیراتی سامان کی ترسیل کے لیے ٹریکٹر ٹرالیوں کے ڈرائیور بجری، خاکہ، روڑی، کریش اور دیگر بھاری میٹریل حفاظتی بند کے اوپر سے لے جا رہے ہیں۔ بھاری گاڑیوں کی مسلسل آمدورفت کے باعث حفاظتی بند کی بنیادیں جگہ جگہ زمین میں دھنسنے لگی ہیں، جو کسی بڑے حادثے یا ممکنہ سیلابی تباہی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی صورت میں شہر کو شدید نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق محکمہ انہار کی عدم دلچسپی اور موثر نگرانی نہ ہونے کے باعث حفاظتی بند پر جگہ جگہ ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت کے لیے غیر قانونی راستے بنا لیے گئے ہیں، جنہیں مقامی مکین اور ٹریکٹر ڈرائیور بلا روک ٹوک استعمال کر رہے ہیں۔ یہ صورتِ حال نہ صرف سرکاری املاک کو نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ شہر کے لاکھوں مکینوں کی جان و مال کو بھی خطرے میں ڈال رہی ہے۔
شہریوں اور سماجی حلقوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر جہلم، ایکسین محکمہ انہار اور قائم مقام ڈی ایس پی ٹریفک سے مطالبہ کیا ہے کہ حفاظتی بند پر ٹریکٹر ٹرالیوں کی آمدورفت فوری طور پر بند کروائی جائے، قانون شکن ڈرائیوروں کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں اور محکمہ انہار کو حفاظتی بند کی حفاظت اور ضروری مرمت کا پابند بنایا جائے۔
شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر متعلقہ اداروں نے بروقت نوٹس نہ لیا تو کسی بھی ممکنہ نقصان کی ذمہ داری براہِ راست محکمہ انہار کی انتظامیہ پر عائد ہوگی۔



