سابق حکمرانوں نے ملکی معیشت تباہ کردی اور ملک میں سودی نظام جاری رکھا، ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری

سوہاوہ: چوہدری عبدالمالک مرحوم سابق امیدوار قومی اسمبلی کے گاؤں نے حلقہ این اے 61 جہلم ٹو اور حلقہ پی پی 24 جہلم ون سے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری کی بھرپور سپورٹ کا اعلان کردیا۔
ککرالہ میں انتخابی جلسہ زیر اہتمام چوہدری انعام الحق و چوہدری فاروق صاحب ہوا۔ چوہدری فاروق نے جماعت اسلامی کی دعوت اور خدمات عوام کے سامنے پیش کی اسکے بعد چوہدری انعام نے ککرالہ سے تعلق رکھنے والے جماعت اسلامی سابق وفاقی وزیر چوہدری رحمت الٰہی کی علاقہ کےلئے خدمات پر روشنی ڈالی۔
ڈاکٹر قاسم محمود چوہدری نے خطاب میں کہا کہ سابقہ سب حکمرانوں نے ملکی معیشت تباہ کردی اور ملک میں سودی نظام جاری رکھا۔ جماعت اسلامی نے بنا اقتدار کے ہمیشہ عوام کی خدمت کی، جب بھی ملک میں زلزلہ آیا، سیلاب آیا یا کوئی قدرتی آفت آئی جماعت اسلامی کے کارکن سب سے پہلے میدان میں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ جب حکمرانوں نے بجلی اور پیٹرول مہنگا کیا، کوئی ایم این اے اور ایم پی اے احتجاج کےلئے سڑکوں پر نہیں نکلا، یہ صرف جماعت اسلامی تھی جو احتجاج کرتی رہی۔ آٹھ فروری کو عوام کے پاس موقع آیا ہے کہ وہ ان لوگوں کا محاسبہ کریں اور ووٹ کی گواہی کو اہل اور باکردار لوگوں کے حق میں استعمال کرتے ہوئے ترازو کو کامیاب کریں۔



