امن و امان خراب کرنے والے عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آر پی او بابر سرفراز الپا

سوہاوہ: ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم طارق عزیز سندھو کے ہمراہ تھانہ سوہاوہ کا دورہ کیا اور سینئر وکلاء بار ایسوسی ایشن سوہاوہ جہلم کے ممبران سے خصوصی میٹنگ کی۔

میٹنگ کے دوران وکلاء نے آر پی او راولپنڈی اور ڈی پی او جہلم کی قیادت میں ضلع جہلم میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پولیس کی بہترین سکیورٹی پالیسیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ وکلاء کا کہنا تھا کہ سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام سے ضلع میں جرائم کی شرح میں نمایاں کمی اور پولیس کی کارکردگی میں غیر معمولی بہتری آئی ہے۔

آر پی او بابر سرفراز الپا نے واضح کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور امن و امان کو خراب کرنے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

دورے کے دوران آر پی او نے تھانہ سوہاوہ کے مختلف شعبہ جات کا جائزہ لیا جن میں فرنٹ ڈیسک، مال خانہ، حوالات اور میس ہال شامل ہیں۔

آر پی او نے کہا کہ تھانے عوام کے لیے انصاف کی فراہمی کا پہلا دروازہ ہیں، ان میں شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا، فوری ایف آئی آر کا اندراج اور زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد میرٹ پر نمٹانا ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب پولیس کے تمام تھانے جدید سہولیات سے آراستہ کیے جا رہے ہیں اور تھانوں کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ آر پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تھانوں اور دفاتر کا وزٹ معمول کا حصہ رہے گا تاکہ پولیس کی کارکردگی کو جانچا جا سکے۔

ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے کہا کہ عوام کی خدمت اور امن کے قیام کے لیے جہلم پولیس ہمہ وقت سرگرم عمل ہے، اور شہریوں کے تمام مسائل قانون کے مطابق بروقت حل کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھنا مت بھولیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button