پڑی درویزہ/ سوہاوہ: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران اعلان کردہ تین مرلہ مفت پلاٹ سکیم کی آن لائن رجسٹریشن تاحال شروع نہیں ہو سکی، جس کے باعث صوبے بھر کے لاکھوں بے گھر افراد شدید اضطراب اور مایوسی کا شکار ہیں۔
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ سکیم ایک غیر واضح اور "نامعلوم کل” کی صورت اختیار کر چکی ہے، جس کا کوئی متعین آغاز تاحال سامنے نہیں آیا۔
وزیر اعلیٰ نے رمضان المبارک میں اس امید افزا سکیم کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد صوبہ بھر کے بے گھر افراد کو ذاتی چھت فراہم کرنا تھا۔ اعلان کے بعد توقع کی جا رہی تھی کہ عیدالفطر کے فوراً بعد آن لائن رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا جائے گا، تاہم اب جب کہ عید کو گزرے ڈیڑھ ماہ ہو چکا ہے، رجسٹریشن کا کوئی سرکاری اعلان یا عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔
سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر مختلف ہدایات اور غیر مصدقہ اطلاعات تو موجود ہیں، لیکن سرکاری سطح پر نہ تو کسی ویب سائٹ پر فارم دستیاب ہیں اور نہ ہی رجسٹریشن کا کوئی واضح طریقہ کار سامنے آیا ہے۔ عوام سے کہا جا رہا ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سرکاری ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز کو چیک کرتے رہیں تاکہ کسی بھی اطلاع سے بروقت آگاہ ہو سکیں، مگر یہ مسلسل انتظار سائلین کے لیے تکلیف دہ بن چکا ہے۔
مذکورہ صورتحال پر ردِ عمل دیتے ہوئے شہریوں، خاص طور پر بے گھر افراد کی بڑی تعداد نے پرنٹ میڈیا کے ذریعے وزیر اعلیٰ پنجاب کو یاد دہانی کروائی ہے کہ اس اسکیم کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے۔ عوام کا مطالبہ ہے کہ صرف تین مرلے نہیں بلکہ پانچ مرلے تک پلاٹ پر غور کیا جائے، کیونکہ ایک متوسط خاندان کے لیے تین مرلہ پلاٹ رہائش کے لیے ناکافی ہے۔
اسی کے ساتھ ایک اور اہم مطالبہ سامنے آیا ہے کہ وہ افراد یا خاندان جو دو یا تین نسلوں سے کسی زمین یا پلاٹ پر آباد ہیں، انہیں نمبرداران اور سماجی کارکنان کی تصدیق کے بعد مالکانہ حقوق دیے جائیں۔ اس اقدام سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خواب ’’ہر فرد کا اپنا گھر، اپنی چھت‘‘ زیادہ مؤثر اور عملی صورت میں ممکن ہو سکے گا۔
شہریوں نے حکومت پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ اس سکیم کی عملی پیش رفت میں مزید تاخیر سے گریز کرے اور جلد از جلد آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کرے تاکہ ہزاروں خاندان اپنے مستقبل کے لیے ایک پائیدار اور باعزت آغاز کر سکیں۔
